منگلورو:3/جولائی (ایس اؤنیوز)بنجن پدؤ میں 21جون کو ایس ڈی پی آئی لیڈر اشرف کلائی قتل معاملے کے کلیدی ملزم بجرنگ دل کے ضلعی لیڈر بھرت کومڈیلو(30)کواتوار کے دن بنٹوال سے گرفتارکئے جانے کی دکشن کنڑا ضلع ایس پی سدھیرکمار ریڈی نے اطلاع دی ۔انہوں نے بتایا کہ بھرت سے پوچھ تاچھ چل رہی ہے، بہت جلد اس کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ خیال رہے کہ آئی جی پی ہری شیکھرن نے اپنی پریس کانفرنس میں اشرف کلائی قتل معاملے میں بھرت کومڈیلو اور دیوراج شٹی کو کلیدی ملزم ہونے کا اعلان کیا تھا۔جہاں تک بھرت کے سابقہ ریکارڈ کا معاملہ ہے پولس ذرائع کے مطابق بھرت پر کل 14کریمنل کیس درج ہیں، بنٹوال شہری پولس تھانےمیں اس کانا م راؤڈی فہرست میں شامل ہے ۔ بھرت کی گرفتاری سے قتل معاملے میں گرفتار ملزموں کی تعداد 8ہوگئی ہے۔
پدو دیہات کے کومڈیلو کا رہنے والا بھرت بجرنگ دل کا ضلعی لیڈر ہے ، آر ایس ایس لیڈر کلڈکا پربھاکر بھٹ کا ساتھی مانا جاتاہے اس کی زندہ مثال حالیہ کلڈکا پربھا کر بھٹ کی طرف سے منعقد ہوئی پریس کانفرنس میں بھی بھرت کو دیکھا جاسکتاہے۔28مئی کو کلڈکا پربھا کر بھٹ کی طرف سے منعقدہ پریس کانفرنس میں بھرت کومڈیلو کی موجودگی نے قتل معاملے کو لے کر کئی سوالات پیداکئے ہیں اور اسی پس منظر میں عوامی سطح پر اشرف کلائی قتل معاملے کا کلیدی ملزم کلڈکا پربھا کر بھٹ کے ساتھ ہونے پر قتل معاملے میں اس کابھی رول ہونے کا شبہ جتایا جارہاہے۔
اشرف کلائی کو قتل کرنے کے لئے قاتلوں نے ایک مہینہ سے مختلف مقامات پر بات چیت کرتے ہوئے اشرف کے متعلق جانکاری حاصل کی تھی ۔اسی پلان کے مطابق 21جون کو اشرف بنجن پدؤ میں ہونے کی تصدیق کرلینے کے بعد تلوار اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ بنجن پدؤ پہنچ کر اشرف پر حملہ کئے جانے کا گرفتارشدہ ملزموں نے پوچھ تاچھ کے دوران منہ کھولنے کی بات آئی جی پی نے پریس کانفرنس میں کہی۔
قتل معاملے کو لے کر گرفتار شدہ ملزموں کے متعلق ملی جانکاری کے مطابق وہ کریمنل کیس کا سامنا کررہے ہیں۔ پولس ریکارڈ کے مطابق ابھین رائی گذشتہ سال بنٹوال میں ہوئی ٹیپو جینتی کے موقع پر ہوئے فسادات کا ملزم ہے تو پون 2012میں بنٹوال کی مسجد کے سامنے جانور کا سر پھینکے جانے کا ملزم ہے۔